ہدایات کے باوجوداساتذہ کو پولیو قطرے پلانے پرلگادیاگیا، طلبہ کاپہلے ہی بہت نقصان ہوا:ٹیچر یونین
لاہور( کرائم رپورٹر)محکمہ سکول ایجوکیشن کی ہدایات کے باوجود اساتذہ کی غیر تدریسی ڈیوٹیاں لگا دی گئیں۔ اساتذہ کو پولیو قطرے پلانے کی ڈیوٹی پر لگا دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے محکمہ سکول ایجوکیشن کی ہدایت کے باجود اساتذہ کی غیر تدریسی ڈیوٹیاں لگانے کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف اضلاع میں اساتذہ کی پولیو پر ڈیوٹی لگا دی گئی ہے۔ پنجاب ٹیچر یونین کے جنرل سیکرٹری رانا لیاقت کا کہنا ہے کہ اساتذہ کی پولیو ڈیوٹیاں لگانا اساتذہ کی عزت وتکریم کے خلاف ہے۔ تعلیمی سیشن اختتام کے قریب ہے، اساتذہ کو پولیو ڈیوٹیوں پر بھیجنا تعلیم دشمن پالیسی ہے۔ سموگ کی چھٹیوں کی وجہ سے پہلے ہی طلبہ کی پڑھائی شدید متاثر ہو چکی ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم بذریعہ لیٹر اساتذہ کی ہر قسم کی غیر تدریسی ڈیوٹی پر پابندی عائد کر چکے ہیں۔ اساتذہ کی بجائے درجہ چہارم اور کلریکل سٹاف کی پولیو ڈیوٹیاں لگائی جائیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب ، وزیر تعلیم اور سیکرٹری سکول اساتذہ کی پولیو ڈیوٹی لگانے کا نوٹس لیں۔ اساتذہ کی پولیو ڈیوٹیاں طلبہ تعلیمی نقصان کے پیش نظر ختم کی جائیں۔