جناح ہاؤس کیس:7 افراد کو بے گناہ قرار دے دیا گیا

عدالت نے سات افراد کی عبوری ضمانتیں واپس لینے کی بنیاد پر خارج کردیں
شیر پائو پل پر تقاریر کیس میں5 گواہ شہادت قلم بند کرنے کے لئے پیش 
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں نو مئی کو کور کمانڈر ہاؤس (جناح ہائوس) میں جلاؤ گھیراؤ کے واقعے کے بعد درج ہونے والے مقدمے میں نامزد سات افراد کو بے گناہ قرار دے دیا گیا۔جے آئی ٹی کی جانب سے نو مئی کو پیش آنے والے جلاؤ گھیراؤ کے واقعے سے متعلق اپنی تفتیشی رپورٹ عدالت پیش کی گئی۔ عدالت میں پیش کی جانے والی اس رپورٹ میں سات افراد سے متعلق یہ کہا گیا ہے کہ وہ دورانِ تفتیش بے قصور قرار پائے گئے۔ عدالت نے سات افراد کی عبوری ضمانتیں واپس لینے کی بنیاد پر خارج کردیں۔ اے ٹی سی عدالت کے جج منظر علی گل نے عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔ انسداد دہشت گردی عدالت میں شیر پائو پل پر تقاریر اور جلاؤ گھیراؤ کیس کا جیل ٹرائل ہوا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف کیس پر سماعت کے دوران پراسیکیوشن نے 5 گواہوں کو شہادت قلم بند کرنے کے لئے پیش کیا۔ ملزموں کے وکلا کی جانب سے عدالت میں مہلت طلب کی گئی معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہمارے سینئر وکلا آج موجود نہیں۔ عدالت نے ٹرائل کی کارروائی 5 دسمبر تک ملتوی کردی۔ عدالت نے گواہوں کو آئندہ پیشی کے لئے پابند کر دیا۔مجموعی طور پر مقدمہ میں اب تک 14 گواہوں کی شہادت قلمبند ہو چکی ہے۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کوٹ لکھپت جیل میں سماعت کی۔شاہ محمود قریشی سمیت دیگر زیر حراست ملزموں کی جیل میں حاضری مکمل کی گئی۔