9 مئی :یاسمین راشد، عمر سرفراز ، اعجاز چودھری پر 3 جنوری کوفرد جرم عائد ہوگی
چودھری بلال کی عبوری ضمانت میں 15 ،محمداحمد چٹھہ کی 17 جنوری تک توسیع
لاہور(کرائم رپورٹر) انسداد دہشت گردی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں 14 پی ٹی آئی کارکنوں کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔جے آئی ٹی نے 8 پی ٹی آئی کارکنوں کو جناح ہاؤس کیس میں بے گناہ قرار دے دیا، محمد آصف، زبیر خان اور سیف الرحمان کو بے گناہ قرار دے دیا۔ فرخ، خالد، ذیشان اور افضل مغل، جناح ہائوس کیس میں بے گناہ ، یاسر علی، مشتاق حیدر، فرقان حیدر تفتیش میں بے گناہ قرار دیئے گئے۔ ملزموں کے وکلا نے بے گناہی کی وجہ سے درخواست ضمانت واپس لینے کی استدعا کی۔ عدالت نے واپس لینے پر ملزمان کی درخواست ضمانت خارج کردی، محمد اعظم بھٹی، تقی خان، حسنین علی کی عبوری ضمانت میں 18 جنوری تک توسیع کر دی گئی۔ادھر انسدادِ دہشت گردی عدالت میں 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ میں اہم پیشرفت سامنے آئی۔ پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چودھری ، صنم جاوید سمیت دیگر رہنما عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے ٹرائل کی کارروائی 3 جنوری تک ملتوی کردی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت پر ملزموں پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔ انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کیس پر سماعت کی۔ عدالتی عملے کی جانب سے ملزموں کی حاضری مکمل کی گئی۔ جناح ہاؤس حملہ ، تھانہ شادمان نذر آتش اور عسکری ٹاور حملہ سمیت چار مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما بلال اعجازکی عبوری ضمانت میں 15 جنوری تک توسیع کر دی۔ محمداحمد چٹھہ کی عبوری ضمانت میں 17 جنوری تک توسیع ، عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر رہنما حاضری کے لئے پیش ہوئے۔ پولیس نے عدالت کو بتایا کہ بلال اعجاز اور محمد احمد چٹھہ شامل تفتیش نہیں ہوئے، عدالت نے دونوں رہنماؤں کو شامل تفتیش ہونے کا آخری موقع دے دیا۔انسداد دہشتگردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے سماعت کی۔