گاڑی کو صرف 20سال پرانی ہونے پر اینڈ آف لائف قرار نہیں دیا جائیگا
،فٹنس، ایمیشن ، رجسٹریشن کی حیثیت بھی فیصلہ کن عوامل ہونگے
لاہور ( کرائم رپورٹر)پنجاب حکومت نے اینڈ آف لائف وہیکلز سے متعلق ترمیمی آرڈیننس 2026 نافذ کر دیاجسکے تحت پرانی گاڑیوں کی سکریپنگ کیلئے باقاعدہ قانونی فریم ورک متعارف کروا دیا گیا۔ آرڈیننس کے مطابق صرف گاڑی کی عمر سکریپنگ کی بنیاد نہیں ہوگی بلکہ فٹنس، ایمیشن اور رجسٹریشن کی حیثیت بھی فیصلہ کن عوامل ہونگے۔حادثات، آگ یا قدرتی آفات پرناقابلِ استعمال گاڑیوں کیساتھ ساتھ مالک کی رضامندی سے بھی گاڑی سکریپ کی جا سکے گی۔دستاویزات کے مطابق حکومت نے اینڈ آف لائف وہیکلز سے متعلق ترمیمی آرڈیننس 2026 جاری کرتے ہوئے صوبے میں گاڑیوں کی سکریپنگ کیلئے پہلی مرتبہ واضح قانونی طریقہ کار متعارف کروا دیا۔نئے آرڈیننس کے تحت کسی بھی گاڑی کو صرف 20سال پرانی ہونے کی بنیاد پر اینڈ آف لائف قرار نہیں دیا جائے گا۔ گاڑی کی فٹنس، دھواں اخراج یعنی ایمیشن کے معیار اور رجسٹریشن کی قانونی حیثیت کو بھی فیصلہ سازی میں شامل کیا گیا ہے۔ آرڈیننس کے مطابق وہ گاڑیاں جو مقررہ فٹنس یا ایمیشن سرٹیفکیٹ حاصل کرنے میں ناکام رہیں، انہیں اینڈ آف لائف وہیکل قرار دیا جا سکے گا، جبکہ منسوخ رجسٹریشن رکھنے والی گاڑیاں بھی اس تعریف میں شامل ہونگی۔اسی طرح حادثے، آگ یا قدرتی آفات سیناقابلِ استعمال گاڑیوں کو بھی سکریپنگ کے عمل سے گزارا جا سکے گا تاکہ انہیں دوبارہ سڑکوں پر لانے کی بجائے محفوظ انداز میں تلف کیا جا سکے۔