لاہور میں 10 کلو آٹا تھیلا کی سپلائی میں کمی ،قیمت 1125 روپے تک جا پہنچی،گندم 4 ہزار 650 روپے من ہو گئی

 آٹا نایاب ، روٹی ، نان مزید مہنگے
 رائیونڈ ،ملتان روڈ ،جوہر ٹائون ، فیصل ٹائون ،واپڈا ٹائون ،ویلنشیا ، اقبال ٹائون ، ماڈل ٹائون ، گارڈن ٹائون کے بیشتر تندوروں پر روٹی 22 سے 25 روپے میں فروخت ہو رہی  سرکاری نرخ پر بیچنا نا ممکن :ایسوسی ایشن، انتظامیہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام 
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) لاہور سمیت کئی شہروں میں آٹے کے 10 اور 20 کلوگرام کے تھیلوں کی قلت،روٹی اور نان کی قیمتیں بھی بے قابو ،10 کلو کا تھیلا 1125 روپے ،روٹی 25 روپے اور نان 30 روپے تک میں فروخت کیا جا رہا ،اوپن مارکیٹ میں گندم ازخود مقرر کردہ 4 ہزار 650 روپے فی من کے نرخ پر فروخت ہو نے لگی۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں 10 اور 20 کلو آٹا تھیلا نایاب ہو گیا جبکہ گندم مہنگی ہونے سے لاہور میں 10 کلو آٹا تھیلا کی سپلائی 1 لاکھ بوری کم ہے،یہاں اس کی یومیہ 2 لاکھ 20ہزار ڈیمانڈ ہے جبکہ 15 کلو کا تھیلا 2150روپے میں ازخود مقرر کردہ قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے۔علاوہ ازیں لاہور سمیت صوبہ بھرمیں آٹا مہنگا ہونے پر بیشتر تندوروں پر روٹی 15 سے 25 روپے تک میں فروخت کی جا رہی ہے۔رائیونڈ ،ملتان روڈ ،جوہر ٹائون ، فیصل ٹائون ،واپڈا ٹائون ،ویلنشیا ، اقبال ٹائون ، ماڈل ٹائون ، گارڈن ٹائون کے بیشتر تندوروں پر روٹی 22 سے 25 روپے ،انارکلی مال روڈ ، اسلام پورہ ،سنت نگر ، باغبانپورہ ، شاہدرہ و دیگر علاقوں میں روٹی 20 روپے جبکہ نان 30 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ نان روٹی ایسوسی ایشن کے مطابق پیرا و ضلعی مجسٹریٹس روٹی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام دکھائی دے رہے ہیں ،آٹے کی قیمت میں مسلسل اضافے سے تندور مالکان شدید مشکلات کا شکار ہیں ،موجودہ سرکاری نرخ پر روٹی فروخت کرنا ممکن نہیں۔ ضلعی حکام کے مطابق روٹی 14 روپے میں ہر صورت فروخت ہو گی ،مہنگی بیچنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کیا جا رہا ہے۔