قومی اسمبلی میں قائم مقام سارجنٹ ایٹ آرمز ر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

مالی بے ضابطگیوں کے الزامات پر ہٹایا گیا‘ انکوائری شروع‘ طاہر جوئیہ کو ذمہ داری سونپ دی گئی
اسلام آباد (آن لائن)   قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے الزامات کے بعد سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قائم مقام سارجنٹ ایٹ آرمز راجہ وقاص کو عہدے سے ہٹا دیا، جبکہ ان کے خلاف باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سینئر سیکیورٹی افسر طاہر جوئیہ کو قائم مقام سارجنٹ ایٹ آرمز کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں، جبکہ انکوائری جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق راجہ وقاص کے خلاف تحقیقات کا آغاز جینیٹوریل سروسز کے انچارج کی جانب سے سپیکر قومی اسمبلی کو دی گئی ایک تحریری درخواست کے بعد کیا گیا۔ درخواست میں الزام عائد کیا گیا کہ راجہ وقاص نے مبینہ طور پر 35 لاکھ روپے وصول کیے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیشی کے دوران راجہ وقاص نے مبینہ رقم کے لین دین کو ذاتی معاملہ قرار دیا، تاہم ان کے مؤقف اور رویے پر سپیکر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر قائم مقام سارجنٹ ایٹ آرمز کے عہدے سے ہٹا دیا۔