گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کا 8 اگست سے غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا فیصلہ

وزیر پیٹرولیم  سے استعفے کا مطالبہ ‘ چارٹر آف ڈیمانڈ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو پیش کر دیا گیا
مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں ہڑتال جاری رہے گی :ملک شہزاد اعوان کی پریس کانفرنس 
کراچی(آئی این پی ) آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے 8 اگست سے غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان کر تے ہوئے وزیر پیٹرولیم پرویز علی ملک سے استعفے کا مطالبہ کردیا ۔کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر کی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز متفقہ طور پر مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رکھیں گی۔ انہوں نے وزیر پیٹرولیم پرویز علی ملک سے استعفی کا بھی مطالبہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ چارٹر آف ڈیمانڈ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو پیش کر دیا گیا ہے اور مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں ہڑتال جاری رہے گی۔ٹرانسپورٹرز کے اہم مطالبات میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین ختم کرکے ماہانہ بنیاد پر مقرر کرنا اور حالیہ اضافے واپس لینا شامل ہے۔ اس کے علاوہ ٹول ٹیکس میں اضافہ فوری واپس لے کر 30 جون 2024 کی سطح پر لانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔