حکومت اور گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے مذاکرات کامیاب، ہڑتال موخر

لاہور(کرائم رپورٹر) حکومت اور صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان کی یقین دہانی پر گڈز ٹرانسپورٹ کی ملک گیر ہڑتال 15 اکتوبر تک موخر کردی گئی۔مذاکرات میں نثار حسین جعفری، بختاور خان، پیر مشتاق سمیت دیگر شریک ہوئے  اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان اور ملک شہزاد اعوان کا مشترکہ ویڈیو بیان بھی جاری کیا گیا بلال اکبر خان نے گڈز ٹرانسپورٹرز کے جائز مطالبات اور مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اْنہوں نے 10 ویلر گاڑیوں کو 35 ٹن وزن کی اجازت پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات کی ہدایت بھی کی۔وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب نے کہا کہ احتجاج کے باعث روکی گئی لوڈ گاڑیاں فوری ریلیز کی جائیں گی، جبکہ گاڑیوں کے مالکان کو ہونے والے نقصان کا معاوضہ دلوانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مذاکرات اور رابطے جاری رکھیں گے۔