آسیب زدہ گڑیا ’اینا بیل‘ خوف کی علامت بن گئی

  لاہور(نیٹ نیوز)پیرا نارمل شوز کے میزبان اور محقق ڈین رویرا کی پراسرار موت کے بعد شدت سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ شیطانی اینا بیل گڑیا کو تباہ کردیا جائے۔محقق ڈین رویرا کی پراسرار موت کے بعد اب روحانی ماہرین نے فوری طور پر اس پراسرار اینا بیل گڑیا کو تباہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جس کے بارے میں ان کا دعویٰ ہے کہ گڑیا شیطانی اثرات کا شکار ہے۔نیو انگلینڈ سوسائٹی فار سائیکک ریسرچ کے نمائندہ مرحوم ڈین ریویرا وہ شخص تھے جو مشہور ‘‘اینابیل’’ گڑیا کی دیکھ بھال پر مامور تھے یہ وہی گڑیا ہے جسے ہالی ووڈ کی فلم دی کونجرنگ سیریز میں دکھایا گیا ہے۔اس گڑیا سے کئی ڈراؤنی کہانیاں منسوب ہیں اور لوگ سوشل میڈیا پر اس کے بارے میں بہت دلچسپی رکھتے ہیں۔سابق امریکی فوجی ڈین رویرا کی عمر 54 برس تھی وہ گزشتہ ماہ 13 جولائی کو پنسلوانیا کے ایک ہوٹل میں مردہ پائے گئے تھے، وہ چار بچوں کے والد بھی تھے۔انہوں نے ٹریول چینل کے مشہور معروف شو ’موسٹ ہنٹڈ پیلس‘ اور نیٹ فلکس کے 28’ ڈیز ہنٹیڈ‘ جیسے پروگراموں سے شہرت پائی۔ڈین رویرا کی موت کی وجوہات کا معاملہ ابھی زیر تفتیش ہے اور تحقیقاتی اداروں کو ان کے قتل یا غیر طبعی موت سے متعلق کسی قسم کا کوئی سرا نہیں مل رہا، تاہم ایڈمز کاؤنٹی کے کور ونر فرینسس ڈٹرو نے بتایا کہ انہیں موت میں کوئی مشتبہ چیز نظر نہیں آئی۔اس کے باوجود روحانی ماہرین کا اصرار ہے کہ مشہور خوفناک فلم ’’ دی کونجرنگ’’ میں دکھائی گئی اینا بیل نامی گڑیا کو مزید محفوظ نہیں رکھا جانا چاہیے اس کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ایک روحانی ماہر ڈونا ملر  نے کہا کہ اس چیز کو فوراً ختم کر دینا چاہیے، اس گڑیا کے گرد بہت زیادہ شیطانی طاقتیں ہیں، اس کے ساتھ بہت سے پراسرار واقعات پیش آچکے ہیں اس لیے اب اسے مزید نہیں رکھنا چاہیے۔