پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے سلسلے میں آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور راولپنڈی کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
شائقین کرکٹ اس دلچسپ مقابلے کے لیے بے حد پرجوش ہیں جبکہ اسٹیڈیم میں میچ کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔میچ کا ٹاس شام 6 بج کر 30 منٹ پر کیا جائے گا، جس کے بعد دونوں ٹیمیں میدان میں اتریں گی۔ اسٹیڈیم کا عملہ گراؤنڈ کی تیاری، پچ کی دیکھ بھال اور دیگر انتظامات میں مصروف ہے تاکہ میچ بہترین ماحول میں کھیلا جا سکے۔کارکردگی کے اعتبار سے اسلام آباد یونائیٹڈ اب تک سیزن 11 میں 3 میچز کھیل چکی ہے جن میں اسے ایک میں کامیابی، ایک میں شکست جبکہ ایک میچ برابر رہا۔ دوسری جانب راولپنڈی کی ٹیم نے اب تک 2 میچز کھیلے ہیں اور دونوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔اسی وجہ سے آج کا مقابلہ راولپنڈی کے لیے نہایت اہم سمجھا جا رہا ہے کیونکہ ٹیم اپنی پہلی کامیابی حاصل کرنے کے لیے میدان میں اترے گی، جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ اپنی پوزیشن بہتر بنانے کی کوشش کرے گی۔ شائقین کو ایک سنسنی خیز اور سخت مقابلے کی توقع ہے۔