کاغذ 25 روپے کلو مہنگا،درسی کتب کی قیمتیں بڑھنے کا امکان

 کتب کی رائلٹی میں بھی اضافہ متوقع ،قیمتیں بڑھانا مجبوری بن چکا ،بک سیلرز
لاہور(کرائم رپورٹر)پٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے ایک ہی دن میں کاغذ کی قیمت میں 25 روپیکلو اضافہ ہوگیا جس کے باعث درسی کتب کی قیمتوں میں 50فیصد تک اضافہ ہونے کا امکان ہے۔بتایا گیا ہے گزشتہ روز کاغذ 200 روپے فی کلو تھا جو جمعہ کو 225 روپے فی کلو فروخت ہوا۔ پٹرول کی قیمتیں بڑھنے کے ساتھ ہی کاغذ کی قیمت میں ایک دن کے اندر 25روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے پٹرول مہنگا ہونے سے ٹرانسپورٹ اور پیداواری لاگت میں اضافہ ہوا ہے جبکہ پرنٹنگ اور بائنڈنگ کے اخراجات میں بھی 15 فیصد تک اضافہ متوقع ہے۔مہنگائی کے اثرات پہلی جماعت سے ایف ایس سی تک نصابی کتب پر منتقل ہونے لگے ہیں جس سے طلبہ اور والدین پر مزید مالی بوجھ بڑھنے کا خدشہ ہے۔ بک سیلرز کے مطابق قیمتوں میں اضافہ مجبوری بن چکا ہے۔ذرائع کے مطابق درسی کتب کی رائلٹی میں بھی اضافہ متوقع ہے،جبکہ مجموعی طور پر کتابوں کی قیمتوں میں 50 فیصد تک اضافہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔