کراچی(آئی این پی)سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ کے جج جسٹس آغا فیصل کے خلاف ریفرنس دائر کر دیا گیا۔ہائی کورٹ کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے 300سے زائد وکلاء کے دستخط کے ساتھ ریفرنس عدالت میں دائر کیا۔دائر ریفرنس کے مطابق جسٹس آغا فیصل معمولی تاخیر پر بھی عدم پیروی کی بناء پر درخواستیں مسترد کرتے ہیں جبکہ قانونی دلائل اور کیس فائل کو نظر انداز کرتے ہوئے کیسز نمٹائے جا رہے ہیں، فاضل جج کا رویہ کوڈ آف کنڈیکٹ کی خلاف ورزی ہے۔ریفرنس میں استدعا کی گئی کہ سپریم جوڈیشل کونسل جسٹس آغا فیصل کے مس کنڈکٹ کے خلاف کارروائی کرے اور جسٹس آغا فیصل کو عدالتی کارروائی کے فرائض کی انجام دہی سے روکا جائے۔