اضافی ٹیرف سے دنیا میں تجارتی جنگ شروع ہو جائیگی، پاکستانی مصنوعات امریکا میں مہنگی ہو جائیں گی
اسلام آباد (آئی این پی)اقوام متحدہ میں تعینات سابق پاکستانی مندوب اور سفارتکار ملیحہ لودھی نے کہا ہے پاکستانی مصنوعات پر ٹیکس تو ہمیشہ سے تھا، امریکی ٹیرف سے دنیا میں تجارتی جنگ شروع ہو جائے گی۔ امریکی صدر نے پاکستانی مصنوعات پر29فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا ہے جو 9اپریل سے نافذ العمل ہو گا۔اس معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے ایک انٹرویو میں سابق پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی نے کہا کہ امریکا میں پاکستانی مصنوعات پر ٹیکس تو ہمیشہ سے تھا، مزید ٹیرف بڑھنے سے پاکستانی مصنوعات امریکا میں مہنگی ہو جائیں گی۔ملیحہ لودھی کا کہنا تھا امریکا ٹیرف عائد کرے یا نہیں، پاکستان کو اپنی ایکسپورٹس بہتر کرنا ہوں گی۔سابق پاکستانی سفیر نے امریکا کی جانب سے ٹیرف کو گلوبل اکنامی کے لیے منفی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اضافی ٹیرف عائد کرنے سے دنیا میں تجارتی جنگ شروع ہو جائے گی۔ان کا کہنا تھا چین اور امریکا کے درمیان دنیا کا سب سے بڑا تجارتی تعلق ہے، ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ ٹیرف کے معاملے میں کہاں تک ایڈجسٹ کر سکتے ہیں۔