سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک شخص کو دکان میں موجود مصنوعات کو الٹ پلٹ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس کے ساتھ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ برطانیہ میں ایک "غیر قانونی مہاجر" ہے جو آکسفورڈ سٹی کونسل کی جانب سے مفت پلے اسٹیشن 5 دینے والی دکان پر غصے میں آگیا۔24 اگست کو فیس بک پر اس ویڈیو کے ساتھ پوسٹ کی گئی کہ:"برطانیہ میں غیر قانونی مہاجر کا غصے پر قابو نہ رہا کیونکہ آکسفورڈ سٹی کونسل کی جانب سے غیر قانونی مہاجرین کو مفت پلے اسٹیشن 5 دینے والی دکان میں کنسول ختم ہوگئے"۔اسی پوسٹ کو ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بھی شیئر کیا گیا، جہاں اسے تقریباً 10 لاکھ مرتبہ دیکھا گیا۔
تاہم حقیقت بالکل مختلف ہے۔
یہ ویڈیو دراصل امریکا کے شہر ریلی، نارتھ کیرولائنا میں واقع GameStop اسٹور کی ہے، جہاں یہ واقعہ پیش آیا۔
کوئی ثبوت موجود نہیں کہ برطانیہ کی آکسفورڈ سٹی کونسل کسی کو مفت پلے اسٹیشن فراہم کرتی ہو۔
بی بی سی کے مطابق GameStop نے برطانیہ میں اپنے تمام اسٹورز 2012 میں بند کر دیے تھے۔
گوگل میپس پر ریلی کے نیو برن ایونیو میں موجود GameStop اسٹور کی اندرونی تصاویر ویڈیو سے مطابقت رکھتی ہیں۔
ویڈیو کو Tarenthis Campbell نامی شخص نے نومبر 2018 میں ریکارڈ اور آن لائن پوسٹ کیا تھا، اور اس میں نہ تو کسی شخص کی شناخت بتائی گئی تھی اور نہ ہی اس کے قانونی اسٹیٹس کے بارے میں کوئی معلومات ہیں۔
ریلی پولیس ڈپارٹمنٹ اور GameStop نے اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا، جبکہ آکسفورڈ سٹی کونسل کے ترجمان نے ای میل کے ذریعے واضح کیا کہ وہ کسی کو بھی مفت پلے اسٹیشن نہیں دیتے۔