قومی ہاکی ٹیم کے ورلڈکپ تک رسائی کے امکانات برقرار

قومی ہاکی ٹیم کے ورلڈکپ تک رسائی کے امکانات برقرار

اسلام آباد: بھارت میں جاری ہاکی ایشیا کپ میں عدم شرکت کے باوجود قومی ہاکی ٹیم کے ورلڈکپ تک پہنچنے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (FIH) نے پاکستان کو ایک اور موقع فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ قوانین کے تحت ایشیا کپ کی فاتح ٹیم براہِ راست ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کرے گی جبکہ دیگر پانچ ٹیمیں فروری میں شیڈول ورلڈکپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں شرکت کریں گی۔اس صورتحال میں پاکستان کو چھٹی ٹیم کے طور پر شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاہم قومی ٹیم کو اس مقصد کے لیے ایشیا کپ میں پانچویں نمبر پر آنے والی ٹیم کے ساتھ تین میچوں کی ایک خصوصی سیریز کھیلنا ہوگی۔

اس سیریز میں کامیابی حاصل کرنے پر پاکستان کو فروری میں ایف آئی ایچ کے کوالیفائنگ راؤنڈ تک رسائی مل جائے گی۔ذرائع کے مطابق اس حوالے سے باضابطہ اعلان ایشیا کپ کے اختتام پر کیا جائے گا۔یاد رہے کہ پاکستان نے سیکیورٹی خدشات کے باعث بھارت میں ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت سے انکار کیا تھا، جس کے باعث قومی ٹیم ابتدائی طور پر ایونٹ سے باہر ہوگئی تھی۔