عمان کا اعلان: 2 لاکھ ریال کی سرمایہ کاری پر 10 سالہ گولڈن ویزا پروگرام

عمان کا اعلان: 2 لاکھ ریال کی سرمایہ کاری پر 10 سالہ گولڈن ویزا پروگرام

خلیجی ملک عمان نے غیر ملکی سرمایہ کاروں اور ماہر افراد کو راغب کرنے کے لیے ایک شاندار اقدام کیا ہے اور 10 سالہ "گولڈن رہائش پروگرام" متعارف کروا دیا ہے۔

 اس منصوبے کے تحت غیر ملکی سرمایہ کار صرف 2 لاکھ عمانی ریال (تقریباً 5 لاکھ 20 ہزار امریکی ڈالر) کی سرمایہ کاری کے بدلے قابلِ تجدید رہائشی اجازت نامہ حاصل کر سکیں گے۔یہ پروگرام عمان کے "ویژن 2040" اصلاحات کا حصہ ہے جس کا مقصد ملکی معیشت کو تیل پر انحصار سے نکال کر سیاحت، صنعت، لاجسٹکس اور تجارت جیسے متنوع شعبوں کو فروغ دینا ہے۔

پروگرام کی اہم خصوصیات
گولڈن رہائش صرف سرمایہ کار ہی نہیں بلکہ ان کے اہل خانہ اور قریبی رشتہ داروں کے لیے بھی ہوگی۔
اس پروگرام کے حامل افراد کو متعدد سہولیات ملیں گی، جن میں:

ائیرپورٹ پر فاسٹ ٹریک سروسز
تین گھریلو ملازمین رکھنے کا حق
مخصوص علاقوں میں جائیداد خریدنے کی اجازت
اہلیت کے 7 طریقے
سرکاری اعلامیے کے مطابق سرمایہ کار درج ذیل سات طریقوں سے پروگرام کے اہل ہو سکتے ہیں:

عمان میں کمپنی قائم کرنا
سیاحتی کمپلیکس میں جائیداد خریدنا
طویل مدتی بانڈز رکھنا
مقامی کمپنیوں میں ایکوئٹی سرمایہ کاری
کم از کم پانچ سالہ بینک ڈپازٹ
ایسی کمپنی قائم کرنا جو کم از کم 50 عمانی ملازمین کو روزگار دے
غیر ملکی سرمایہ کاری قانون کے تحت حکومتی نامزدگی حاصل کرنا
حکام کا مؤقف
عمانی وزارتِ تجارت و سرمایہ کاری کے مطابق یہ پروگرام ملک کے اہم شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کرے گا، خاص طور پر سیاحت، لاجسٹکس اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں۔ حکام نے کہا کہ یہ منصوبہ صرف رہائش فراہم کرنے تک محدود نہیں بلکہ یہ سرمایہ کاروں کے لیے بہتر زندگی، طویل مدتی استحکام اور وسیع کاروباری مواقع فراہم کرے گا۔