پنجاب میں تاریخ کا سب سے بڑا انخلا اور ریسکیو آپریشن کیا‘ 9 لاکھ سے زائد متاثرین کو بروقت ریسکیو کیا ، صوبہ انتظامیہ اور اداروں کی کاوشوں سے تباہی سے محفوظ رہا
سیلاب متاثرین ہمارے مہمان ہیں، کھانے پینے اور دیگر انتظامات میں کوتاہی برادشت نہیں کی جائیگی،پنجاب سیلاب کی حساس ترین صورتحال سے گزررہا ہے:وزیراعلی
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سیلاب کی غیرمعمولی صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں کو بدستورمتحرک رہنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ریسکیو 1122کو ریلیف آپریشن کے لئے مزید مستعد رہنے کی ہدایت کی اور سیلاب زدہ علاقوں کے ہیلتھ کیمپ میں تمام ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بارشی پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے علاج کے لئے انتظامات اور ادویات کی فراہمی کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سیلاب زدہ علاقوں کے ریلیف کیمپوں میں خواتین کے لئے سینٹری کٹ مہیا کرنے حکم دیا اور کلینک آن ویل، فیلڈ ہسپتال اور مدراینڈ چائلڈ کلینک آن ویل کی سروسز مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سیلاب زدہ علاقوں میں قائم ریلیف میڈیکل کیمپوں میں بہتری کی ہدایت کی اور پی ڈی ایم اے کو اضلاع میں ضرورت کے مطابق ٹینٹ اور دیگر سامان فوری مہیا کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پی ڈی ایم اے کو متوقع حالات کے پیش نظر بھرپور بیک اپ تیاری کرنے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں تاریخ کا سب سے بڑا انخلا اور ریسکیو آپریشن کیا گیا۔ پنجاب کوسپر فلڈ کا سامنا ہے، بروقت اور بہترین انتظامات سے ہزاروں انسانی جانیں محفوظ ہوگئیں۔ پنجاب میں سیلاب سے پیشتر بروقت انخلا سے ڈھائی لاکھ لوگ محفوظ رہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ سیلابی ریلوں میں گھرے 9 لاکھ سے زائد متاثرین کو بروقت ریسکیو کر لیا گیا۔ انتظامیہ اور تمام اداروں کی منظم کاوشوں سے تباہی سے محفوظ رہے۔ سیلاب متاثرین ہمارے مہمان ہیں، کھانے پینے اور دیگر انتظامات میں کوئی کوتاہی برادشت نہیں کی جائے گی۔