امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق یورپی ممالک اپنے ہنگامی ذخائر سے بڑی مقدار میں ڈیزل مارکیٹ میں جاری کریں گے۔
یہ اعلان G7 کے ہنگامی اجلاس کے بعد سامنے آیا، جس میں رکن ممالک نے مجموعی طور پر 10 کروڑ بیرل خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر مارکیٹ میں لانے پر اتفاق کیا ہے۔فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے مطابق ذخائر کے اجرا کا عمل انٹرنیشنل انرجی ایجنسی (IEA) کے ذریعے آئندہ چار ماہ کے دوران مربوط انداز میں کیا جائے گا، جبکہ پہلے 20 دنوں میں ڈیزل کی قابلِ ذکر مقدار مارکیٹ میں لانے کا منصوبہ ہے۔ٹرمپ نے کہا کہ یورپ کے پاس ڈیزل کے بڑے ذخائر موجود ہیں اور ان ذخائر کو مارکیٹ میں لانے کا عمل فوری طور پر شروع ہوگا۔ G7 ممالک نے توانائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی باہمی تجارت پر برآمدی پابندیاں عائد نہ کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔یہ فیصلہ عالمی سطح پر ایندھن کی بڑھتی قیمتوں اور توانائی کی سپلائی میں دباؤ کے پس منظر میں کیا گیا ہے۔ G7 کے مطابق ہنگامی ذخائر جاری کرنے کا مقصد توانائی کی منڈی میں اضافی رسد فراہم کرنا اور قیمتوں پر دباؤ کم کرنے میں مدد دینا ہے۔