گیم ٹاسک پورا کرنے کیلئے نوجوان کا بینک میں ڈاکا

 جنوبی چھائونی میں ملزم سبحان واردات کے بعد اپنے ہی گھر چلا گیا، رقم میز پررکھ کر گیم کھیلنے لگا ،پولیس نے پکڑ لیا
 لاہور (کرائم رپورٹر )گیم ٹاسک پورا کرنے کیلئے نوجوان کا بینک میں ڈاکا ، پب جی گیم سے رہنمائی لیکر بینک ڈکیتی کرنا والا ملزم قیمتی گاڑی پر آیا اور اسلحہ کے زور پر سکیورٹی گارڈ اور بینک کے عملے کو یرغمال بنا کر ڈکیتی کے بعد فرار ہوا۔ بعدازاں ملزم سیف سٹیز کیمروں کی مدد سے پکڑا گیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے جنوبی چھائونی میں بینک ڈکیتی کی واردات کا چند گھنٹوں بعد ہی ڈراپ سین ہو گیا۔ برطانیہ کے رہائشی سبحان نے پائونڈ ختم ہونے پر گھر والوں سے لڑائی کی۔پب جی گیم سے بینک میں واردات کرنے کا طریقہ سیکھ کر اسی طریقے پر عمل کرتے ہوئے ملزم نے قریبی بینک میں سکیورٹی گارڈ کو یرغمال بنا کر بینک میں واردات کر ڈالی،ڈاکو انگلش بھی بولتا رہا۔واردات کے بعد ملزم واپس اپنے گھر پہنچا اور رقم پستول ساتھ رکھ کر دوبارہ پب جی گیم کھیلنا شروع ہو گیا۔پولیس سیف سیٹز کیمروں کی مدد سے ملزم کے گھر پہنچ گئی ،ملزم کو پکڑ کر رقم ، پستول اور قیمتی گاڑی برآمد کر کے گرفتار کر لیا۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے بتایا کہ 9 منٹ کی یہ ٹوٹل واردات تھی۔ملزم سبحان غیر ملکی ہے اور 16 ستمبر کو پاکستان آیا۔ ملزم نے پلان بنا رکھا تھا کہ رینٹ کی گاڑی لیکر اسلام آباد روانہ ہوں گا۔ 7 لاکھ 32 ہزار اس نے بنک سے لوٹے۔ملزم نے رینٹ کی گاڑی لے رکھی تھی۔