ون ڈے ورلڈکپ 2027کے نئے فارمیٹ نے روایتی حریفوں کے مقابلوں کی راہ ہموار کی
لاہور (سپورٹس ڈیسک)ون ڈے ورلڈکپ 2027 کے نئے فارمیٹ نے روایتی حریف بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک ہی ٹورنامنٹ میں تین مرتبہ مقابلے کی راہ ہموار کردی ہے۔دونوں ٹیموں کو گروپ اے میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، افغانستان، شریک میزبان زمبابوے اور ایک کوالیفائر کے ساتھ رکھا گیا ہے۔بھارت اور پاکستان گروپ مرحلے میں 10 اکتوبر کو جوہانسبرگ کے وانڈررز سٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گے۔ نئے فارمیٹ کے تحت ہر گروپ سے تین بہترین ٹیمیں اور دونوں گروپس میں مجموعی طور پر چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی بہتر ٹیم سپر 7مرحلے میں پہنچے گی۔اگر بھارت اور پاکستان دونوں اگلے مرحلے میں پہنچتے ہیں تو 7 نومبر کو کیپ ٹائون میں ایک بار پھر ان کا مقابلہ ہوسکتا ہے۔اس کے بعد سیمی فائنل یا فائنل میں پہنچنے کی صورت میں تیسری مرتبہ بھی ٹکرائو ممکن ہے۔