قصور کی بین الاقوامی سرحد کے قریب لدھڑ گاؤں سے تعلق رکھنے والے تین افراد بارڈر پلر سے چند قدم آگے بڑھے تو بی ایس ایف نے فائرنگ کردی
فائرنگ سے قبل وارننگ بھی نہ دی گئی‘ فائرنگ کے وقت تینوں شہری نہتے تھے، جاں بحق ہونے والوں میں عظمت رسول اور محسن جٹ شامل ہیں
قصور(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی بارڈر سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 2نہتے پاکستانی شہید اور ایک زخمی ہو گیا ‘ قصور کی پاک بھارت بین الاقوامی سرحد کے قریب مفائرنگ کا واقعہ پیش آیا ۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق لدھڑ گاؤں سے تعلق رکھنے والے تین مقامی پاکستانی شہری بارڈر پلر سے چند قدم آگے بڑھے تو بی ایس ایف فورسز نے انہیں بغیر وارننگ کے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے وقت تینوں شہری نہتے تھے، جاں بحق ہونے والوں میں عظمت رسول ولد عطااللہ اور محسن جٹ شامل ہیں، دونوں کا تعلق جٹاں والی حویلی، لدھڑ سے ہے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق تینوں افراد میں سے کسی نے بھی بارڈر فینس عبور کرنے کی کوشش نہیں کی تھی۔ذرائع کے مطابق بھارتی میڈیا نے بھی معصوم پاکستانی شہریوں کو درانداز قرار دے دیا، بھارتی فورسز کی جانب سے شہریوں پر فائرنگ کا واقعہ بارڈر معاہدے اور ایس او پیز کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔