ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ، ریٹرنگ آفیسر اور اسسٹنٹ ریٹرنگ آفیسر کی لسٹیں ایک ہفتہ کے اندر صوبائی حکومت مہیا کرے:الیکشن کمیشن
اسلام آباد (آئی این پی )الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے حکومت پنجاب کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیا،الیکشن کمیشن نے اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ کیا اورفوری طور پرالیکشن شیڈول جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کا پنجاب اور کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کی۔ اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن نثار احمد درانی ، بابر حسن بھروانہ اور جسٹس (ریٹائرڈ)اکرام اللہ خان ، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ الیکشن کمیشن کو بریف کیا گیا کہ حکومت پنجاب نے الیکشن کمیشن کی چٹھی مورخہ 2اکتوبر 2026 اور ڈرافٹ الیکشن پروگرام کے جواب میں مورخہ 14اکتوبر 2026 کو جواب دیا ہے کہ صوبائی حکومت دسمبر میں گہری دھند اور سخت سرد موسمی حالات اور اس کے بعد فروری میں ماہ رمضان کے شروع ہونے کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات 3 مرحلوں میں کروانا چاہتی ہے جوکہ اپریل 2027 میں ہونگے۔ الیکشن کمیشن نے اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ کیا اورفوری طور پرالیکشن شیڈول جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔لہذا دفتر کو حکم دیا کہ پنجا ب میں بلدیاتی انتخابات کا ڈرافٹ الیکشن پروگرام الیکشن کمیشن کی منظوری کیلئے فوراً پیش کریں۔ مزید الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کو افسران کی لسٹ مہیا کرنے کا کہا تھا تاکہ انہیں بطور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ، ریٹرنگ آفیسر اور اسسٹنٹ ریٹرنگ آفیسر تعینات کیا جاسکے۔ یہ لسٹیں ابھی تک مہیا نہ کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا گیا اور صوبائی حکومت کو کہا کہ وہ ایک ہفتہ کے اندر یہ لسٹیں مہیا کریں