کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) بحیرہ عرب میں ممکنہ سمندری طوفان کے پیش نظر کراچی سمیت سندھ کے جنوبی و مشرقی اضلاع میں آج بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کراچی نے ممکنہ سمندری طوفان سے متعلق چوتھا الرٹ جاری کر دیا، جس کے مطابق شمال مشرقی بحیرہ عرب پر ہوا کا کم دبائو موجود ہے۔ شمال مشرقی بحیرہ عرب اور اس سے ملحقہ سوراشٹرا کے ساحل کے نزدیک موجود ہوا کا کم دبائو مزید شدت اختیار کر گیا، گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران سسٹم سست روی سے جنوب مغرب کی جانب بڑھا۔ سمندری سرگرمی کراچی سے تقریباً 440 کلومیٹر جنوب میں موجود ہے اور دو روز کے دوران یہ نظام جنوب مغرب کی طرف شمال مغربی بحیرہ عرب کی طرف بڑھنے کا امکان ہے۔ سسٹم کے زیر اثر آج کراچی، تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، ٹنڈو محمد خان کے اضلاع میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش کا امکان ہے۔سندھ کے ساحل کے قریب 40 سے 50 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائوں کے ساتھ سمندری حالات خراب رہنے کا امکان ہے۔ سندھ کے ماہی گیروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 3 اکتوبر تک گہرے سمندر میں نہ جائیں۔