کراچی(آئی این پی ) ہوٹل میں شلوار قمیض پہن کر جانے پر پابندی کے خلاف شہری کی درخواست قابل سماعت قرار دے دی گئی۔ کراچی کی کنزیومر کورٹ جنوبی میں ہوٹل میں شلوار قمیض پہن کر آنے پر پابندی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ 18 مئی کو مقامی ہوٹل میں کھانا کھانے گیا، ویٹر نے بیٹھنے سے منع کردیا، مینیجرکوشکایت کی تو اس نے شلوار قمیض کو چیپ ڈریسنگ قراردیا۔ دوران سماعت ہوٹل انتظامیہ نے موقف اپنایا کہ شلوارقمیض سمیت تمام دیگر لباس میں ملبوس افرادکا احترام کرتے ہیں اور ہوٹل میں ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ ابتدائی سماعت میں ہوٹل انتظامیہ کا کہنا تھا کہ کیس کنزیومرکورٹ کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا تاہم عدالت نیہوٹل کے خلاف درخواست قابل سماعت قراردیتے ہوئے اس پر اعتراضات مستردکردئیے۔