میکسیکو میں میئر کے قتل کے بعد مظاہرین کا سرکاری عمارت پر حملہ

میکسیکو میں میئر کے قتل کے بعد مظاہرین کا سرکاری عمارت پر حملہ

میکسیکو کے شہر اروپان میں میئر کارلوس مانزو کے قتل کے بعد صورتحال کشیدہ ہو گئی ہے۔

میئر کارلوس مانزو کو گزشتہ ہفتہ ایک تقریب کے دوران فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا تھا۔ حملہ آور موقع پر مارا گیا، جبکہ دو مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ میئر مانزو منشیات کے گروہوں کے خلاف سخت موقف رکھتے تھے اور کارٹل مافیا کے خلاف کارروائی کے حامی سمجھے جاتے تھے۔اس واقعے کے بعد شہر میں غم و غصہ پھیل گیا ہے۔ مشتعل مظاہرین نے احتجاج کے دوران سرکاری عمارت پر دھاوا بول دیا، جس میں انہوں نے کھڑکیاں توڑ دیں اور عمارت کو نقصان پہنچایا۔ مظاہرین نے گورنر الفریڈو رامیرز بیڈولا سے مستعفی ہونے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی اور متعدد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ یہ احتجاج اس تشویشناک واقعے کے خلاف اظہار غم اور ناراضگی کا مظاہرہ ہے، جبکہ عوام اور حکام کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔