بل 2025 کے لئے حکمِ امتناع کی درخواست بھی دائر کی جائے گی،اعجاز شفیع
درخواست صدر ،وزیراعظم، گورنر پنجاب سمیت اعلیٰ حکام کو بھی ارسال
لاہور (خصوصی رپورٹ) تحریک انصاف نے پنجاب لوکل گورنمنٹ بل 2025 کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے اس بل کے خلاف باقاعدہ درخواست کو صدر پاکستان،وزیراعظم، گورنر پنجاب، وزیراعلیٰ پنجاب سمیت اعلیٰ حکام کو بھی ارسال کیا گیا ہے۔پی ٹی آئی رہنما اعجاز شفیع نے کہا ہے کہ آج لاہور ہائی کورٹ میں پنجاب لوکل گورنمنٹ بل 2025 کو چیلنج کیا جائے گا اور حکمِ امتناع کی درخواست بھی دائر کی جائے گی۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کے مطابق غیر جماعتی اور ایک ووٹ ملٹی ممبر یونین کونسل ماڈل پر شدید تحفظات ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ غیر جماعتی ماڈل سیاسی جماعتوں کے کردار کو کمزور کرے گا اور مقامی نمائندوں کی جگہ انتظامی افسران کا کنٹرول بلدیاتی اختیارات کو متاثر کرے گا۔ مزید کہا گیا کہ مالیاتی اختیارات کی مرکزیت بلدیاتی خودمختاری کے منافی ہے جبکہ غیر معینہ مدت تک ایڈمنسٹریٹر تعینات کرنے کا اختیار غیر آئینی ہے۔اعتراضات میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ یونین کونسل کے چیئرمین کا براہ راست انتخاب بحال کیا جائے، بلدیاتی نظام کے لیے پانچ سالہ مدت اور واضح انتخابی شیڈول لازم قرار دیا جائے اور ایگزیکٹو مداخلت اور ایڈمنسٹریٹر کے اختیارات پر سخت پابندی عائد کی جائے۔اعجاز شفیع کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں متنازع شقوں پر عملدرآمد روکنے اور بلدیاتی جمہوریت کے تحفظ کے لیے فوری اقدام کی درخواست کی جائے گی۔