پنجاب حکومت کا لوکل گورنمنٹ فنانس کمیشن تشکیل دینے کا فیصلہ

کمیشن کو صوبائی وسائل کی منصفانہ تقسیم، مالیاتی شفافیت اور نگرانی کے اختیارات حاصل ہوں گے
وزیر خزانہ چیئرمین، وزیر بلدیات، چھ ارکان اسمبلی اور مالیاتی ماہرین کمیشن کا حصہ ہونگے:ذرائع
لاہور (آن لائن) پنجاب حکومت نے لوکل گورنمنٹ فنانس کمیشن تشکیل دینے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ کمیشن پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت قائم کیا جائے گا اور اسے اہم مالیاتی و انتظامی اختیارات حاصل ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ پنجاب کمیشن کے چیئرمین ہوں گے جبکہ وزیر بلدیات کو چیئرمین کی غیر موجودگی میں کو چیئرمین کے طور پر اجلاس کی صدارت کا اختیار حاصل ہوگا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی کی مشاورت سے چھ ارکان اسمبلی کو کمیشن میں شامل کیا جائے گا۔محکمہ خزانہ، بلدیات، اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے سیکریٹریز بھی کمیشن کا حصہ ہوں گے، جبکہ مقامی حکومتوں اور مالیات کے چار ماہرین نامزد کیے جائیں گے جن میں کم از کم ایک خاتون کی شمولیت لازمی قرار دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب ایک منتخب مقامی حکومت کے سربراہ کو بطور رکن کمیشن میں شامل کریں گے