وزیر اعظم کی انڈیپینڈنٹ گروپ کو برتری پر مبارکباد، آپ عدلیہ اور قانون کی سر بلندی کے لیے اپنا اہم کردار ادا کرتے رہیں گے

صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے‘: شہبازشریف
 صحافی حقائق تک عوام کی رسائی کو ممکن بناتے ،سچائی کے علمبردار ہوتے ہیں،ان کے خلاف تشدد، دھمکی یا انتقام پر مبنی جرائم دراصل آزادی اظہار پر حملہ ہیں
 تمام صحافیوں کو خراجِ تحسین جنہوں نے حق و سچ کی خاطر مشکلات برداشت کیں، اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی، اپنے پیاروں کو فرضِ منصبی کے دوران کھو دیا
اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ صحافی حقائق تک عوام کی رسائی کو ممکن بناتے ہیں اور سچائی کے علمبردار ہوتے ہیں۔ان کے خلاف تشدد، دھمکی یا انتقام پر مبنی جرائم دراصل آزادی اظہار پر حملہ ہیں۔صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اس حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ آزاد، باخبر اور ذمہ دار صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے۔ صحافی حقائق تک عوام کی رسائی کو ممکن بناتے ہیں اور سچائی کے علمبردار ہوتے ہیں۔اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران ان کے خلاف تشدد، دھمکی یا انتقام پر مبنی جرائم دراصل آزادی اظہار پر حملہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر اُن تمام صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے حق و سچ کی خاطر مشکلات برداشت کیں، اور اُن اہلِ قلم و میڈیا ورکرز کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کرتا ہوں جنہوں نے اپنے پیاروں کو فرضِ منصبی کے دوران کھو دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومتِ پاکستان آزادیِ صحافت کے تحفظ اور صحافیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ ہم ایسے تمام اقدامات کریں گے جن سے صحافیوں کے خلاف جرائم کی موثر تفتیش، انصاف کی فراہمی، اور ان جرائم کے مرتکبین کے خلاف قانونی کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔شہبازشریف نے کہا کہ میں بین الاقوامی برادری، میڈیا اداروں اور سول سوسائٹی سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ صحافیوں کے تحفظ اور اظہارِ رائے کی آزادی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ آزاد صحافت ایک مضبوط، شفاف اور جمہوری پاکستان کی ضمانت ہے۔

دوسرا انٹرو
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف  نے انڈیپینڈنٹ گروپ اور اس کے سربراہ احسن بھون کو  اسلام آ باد  بار کونسل اور پنجاب بار کونسل کے انتخابات میں واضح برتری پر  مبارک باد دی ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف  نے  انڈیپینڈنٹ گروپ، احسن بھون اور جیتنے والے تمام وکلا کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ   وکلاء￿  برادری جمہوریت کی مضبوطی، انصاف کو یقینی بنانے اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔   مجھے یقین ہے کہ نو منتخب نمائندے دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت  اور معاشرے کے لئے ذمہ داری کے گہرے احساس کے ساتھ  اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے آپ عدلیہ اور قانون کی سر بلندی کے لیے بھی اپنا اہم کردار ادا کرتے رہیں گے ، وزیرِ قانون وکلا کے مسائل کے حل کے لیے سرگرم عمل ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ  وکلا برادری کے مسائل کے حل کے لیے وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ مسلسل کوشاں اور ان سے رابطیمیں رہتے ہیں، وکلا برادری نے سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر اصولی مؤقف اپنایا، اصول پر ووٹ دینے کا ثمر کامیابی کی صورت میں ملا۔