کھانے کی اشیا کے نمونے حاصل کرکے انہیں لیبارٹری ٹیسٹ کے لئے بھجوا دیا
45 افراد متاثر ہوئے جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے:ضلعی انتظامیہ
کالام(آئی این پی )سیاحتی مقام کالام مٹلتان میں شادی کی خوشیاں اس وقت مانند پڑ گئیں جب کھانے سے مبینہ طورپر درجنوں افراد کی حالت بگڑ گئی۔ ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر متاثرین کو طبی امداد فراہم کی ۔ رپورٹ کے مطابق وادی کالام کے علاقے مٹلتان میں عبدالقیوم نامی شخص کے گھر شادی کی تقریب کے دوران کھانے سے مبینہ طور پر فوڈ پوائزننگ کا واقعہ پیش آیا۔ترجمان ریسکیو کے مطابق تقریبا 45 افراد متاثر ہوئے جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ریسکیو میڈیکل ٹیموں نے موقع پر ہی بیشتر متاثرین کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جبکہ آٹھ سے زائد افراد کو کالام ہسپتال منتقل کیا گیا۔ڈاکٹروں کے مطابق تمام متاثرین کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ضلعی انتظامیہ نے کھانے کی اشیا کے نمونے حاصل کرکے انہیں لیبارٹری ٹیسٹ کے لئے بھجوا دیا ہے ۔