پارلیمنٹیرینز کے اس کردار سے عوام میں اتفاق کی فضا پیدا ہوگی، عرفان صدیقی سے گفتگو
اسلام آباد(بیورو رپورٹ)مسلم لیگ (ن)کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملکی دفاع اور قومی سلامتی کیلئے پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کا متحد ہونا اچھی روایت اور یک زبان ہو کر آواز اٹھانا نہایت خوش آئند ہے۔ پارلیمنٹیرینز کے اس کردار سے قومی یکجہتی کو فروغ ملے گا اور عوام میں بھی اتفاق و اتحاد کی فضا پیدا ہوگی۔ یہ بات انہوں نے سینیٹ میں مسلم لیگ (ن)پارلیمانی پارٹی کے سربراہ اور قائمہ کمیٹی امور خارجہ کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نیرائیونڈ میں ان سے ملاقات کی۔ عرفان صدیقی نے نواز شریف کو سینیٹ میں کارکردگی سے آگاہ کیا۔نواز شریف نے کہا اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے لیکن ملکی دفاع کے عظیم مقصد کے لیے ہر طرح کے اختلافات کو ایک طرف رکھ دینا اچھی روایت ہے۔