پشاور ہائیکورٹ کا 5افراد کی گمشدگی سے متعلق کیس میں فل کورٹ بنانے کا حکم

بندے پیش کریں نہیں تو سی سی پی او اور آئی جی کیخلاف کارروائی کریں گے ، جسٹس اعجاز انور کے ریمارکس 
پشاور (آئی این پی )پشاور ہائیکورٹ نے 5افراد کی گمشدگی سے متعلق کیس میں فل کورٹ بنانے کا حکم دے دیا ، لاپتا افراد کیس میں آئی جی کے بجائے ایڈووکیٹ جنرل کے عدالت میں پیش ہونے پر جسٹس اعجاز انور کا برہمی کا اظہار کیا اور ریمارکس دئیے کہ کہ بندے پیش کریں نہیں تو سی سی پی او اور آئی جی کے خلاف کارروائی کریں گے، یہاں پر قانون نہیں ہے، دوسروں کو خوش کرنے کے لیے اپنے لوگوں کی بے عزتی کریں گے، تعلیم یافتہ اور معزز لوگ محفوظ نہیں تو اور عام لوگوں کا کیا ہوگا؟۔پشاور سے لاپتا 5شہریوں کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر دوبارہ سماعت جسٹس اعجاز انور، جسٹس ارشد علی اور جسٹس صاحب زادہ اسد اللہ پر مشتمل لارجر بینچ نے سماعت کی۔ دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل شاہ فیصل اتمان خیل اور سی سی پی او قاسم علی خان پیش ہوئے۔آئی جی کے بجائے ایڈووکیٹ جنرل کے عدالت میں پیش ہونے پر جسٹس اعجاز انور نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی کیوں پیش نہیں ہوئے، ہم نے آئی جی کو بلایا تھا اے جی کو نہیں بلایا تھا۔ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ آ ئی جی مصروف ہیں، لاپتا بندوں کی مقامی مجسٹریٹ کی عدالت سے ضمانت ہوئی ہے، اومان سے لڑکی لاہور آئی اور پھر پشاور آئی ہے، پولیس نے خاتون کی تلاش میں درخواست گزار کے گھر پر چھاپہ مارا، درخواست گزار کے گھر سے خاتون کا سامان برآمد ہوا ہے۔جسٹس اعجاز انور نے کہا کہ کس قانون کے تحت آپ نے رشتہ داروں کو اٹھایا ہے، جرم کسی اور نے کیا آپ نے رشتہ داروں کو کیوں اٹھایا، جس پر ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ ہمیں تو ایف آئی آر سے روکا گیا تھا۔جسٹس ارشد علی نے کہا کہ آپ کو کس نے ایف آئی آر سے روکا ہے؟ عدالتی آرڈر میں کہاں لکھا گیا ہے کہ ایف آئی آر درج نہ کریں۔جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے کہا کہ آپ جو بات کررہے ہیں اے جی صاحب پھر آپ کہیں کہ ہمارے پاس ہے، آپ کی باتوں سے لگ رہا ہے کہ ہمارے سامنے اے جی نہیں ہے، اے جی صاحب آپ خود مطمئن نہیں ہے ہمیں کیسے مطمئن کریں گے۔جسٹس اعجاز انور نے کہا کہ ہمارے آرڈر کی خلاف ورزی کی گئی ہے، بندے پیش کریں نہیں تو سی سی پی او اور آئی جی کے خلاف کارروائی کریں گے، اے جی صاحب اس دن سے ڈرو جب آپ کے لوگ یہاں کھڑے ہوں اور کہیں کہ ہمارے اے جی صاحب لاپتاہیں اس کو بازیاب کریں۔