اسلام آباد(آئی این پی )سپریم کور ٹ نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق مقدمات میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سینیٹر اعجاز چوہدری کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کر لی۔ عدالت نے ان کی رہائی کا حکم دیتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت دی۔ سپریم کورٹ میں اعجاز چودھری کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں ان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اعجاز چوہدری کو سیاسی بنیادوں پر گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف درج مقدمات میں شواہد ناکافی ہیں، اعجاز چودھری نے کسی بھی قسم کی توڑ پھوڑ یا تشدد میں حصہ نہیں لیا اور نہ ہی ان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت پیش کیا جا سکا۔دوران سماعت، اسپیشل پراسیکیوٹر نے کہا کہ سینیٹر اعجاز چودھری نے لوگوں کو اکسایا اور سازش کا بھی حصہ رہے۔جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دئیے کہ اعجاز چوہدری کے خلاف کیس اتنا ہی مضبوط تھا تو فوجی عدالت میں لے جاتے، ضمانت کو بطور سزا استعمال نہیں کیا جا سکتا۔