لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے کے تین مقدمات میں سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ، سابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں پر ترمیمی فردِ جرم عائد کر دی ہے۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں سماعت کی، جہاں ملزمان نے ترمیمی فردِ جرم کی صحتِ جرم سے انکار کیا۔ عدالت نے تینوں مقدمات میں ملزمان پر ترمیمی فردِ جرم عائد کی ہے۔ اس سے قبل عدالت میں شاہ محمود قریشی، عمر سرفراز چیمہ، ڈاکٹر یاسمین راشد اور زیرِ حراست دیگر ملزمان کی حاضری مکمل کی گئی۔ عالیہ حمزہ، صنم جاوید اور خدیجہ شاہ سمیت دیگر ملزمان بھی عدالت میں پیش ہوئیں۔عدالت نے 6 مارچ کو گواہوں کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر لیا ہے۔یہ مقدمات 9 مئی 2024 کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونے والے احتجاج کے دوران پیش آنے والے واقعات سے متعلق ہیں، جن میں جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلائی گئی تھیں۔