لاہور: انتہائی مطلوب انسانی سمگلر سمیت 4 ملزمان گرفتار

گرفتار ملزمان سادہ لوح شہریوں سے ویزا فراڈ کرنے میں ملوث ،ایف آئی اے
لاہور(آئی این پی ) وفاقی تحقیقاتی ادارہ نے لاہور میں کارروائیوں کے دوران انسانی سمگلنگ میں ملوث ریڈ بک کے انتہائی مطلوب انسانی سمگلر سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کی شناخت راحیل پرویز، محمد عمر ، یمام ندیم اور روحان محمود کے نام سے ہوئی، گرفتار ملزمان سادہ لوح شہریوں سے ویزا فراڈ کرنے میں ملوث پائے گئے۔ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو ماڈل ٹاون، رحمن گارڈن اور شمع لاہور سے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزم راحیل پرویز ریڈ بک کا مطلوب انسانی سمگلر ہے۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم سال 2019 سے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل لاہور کو مطلوب تھا، ملزم نے شہریوں کو کینیڈا بھجوانے کی غرض سے 90 لاکھ روپے بٹورے، دیگر ملزمان غیر قانونی ٹریول ایجنسی چلا رہے تھے۔ملزمان نے شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کاجھانسا دے کر لاکھوں روپے بٹورے، ملزمان بغیر لائسنس شہریوں سے پاسپورٹ وصول کر رہے تھے، ملزمان بھاری رقوم وصول کر کے ویزا فراڈ کرتے تھے۔ایف آئی اے کے مطابق چھاپوں کے دوران ملزمان سے 12 پاکستانی پاسپورٹس، تعلیمی دستاویزات اور موبائل سمز برآمد ہوئیں، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔