بلا تعطل گیس کی فراہمی کے دعوے غلط ثابت ہوئے ، مختلف شہروں میں سحری میں گیس غائب
لاہور؍کراچی (آئی این پی )پاکستان میں ماہ صیام کا آغاز ملک بھر میں رمضان المبارک کی پہلی سحری کے موقع پر خصوصی اہتمام کیا گیا جبکہ بلا تعطل گیس کی فراہمی کے دعوے کے باوجود مختلف شہروں میں سحری میں گیس غائب ہوگئی ۔تفصیل کے مطابق سحری کے اوقات میں لاہور، کراچی، اسلام آباد سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ہوٹلوں اور ریستورانوں پر بھی رش دیکھا گیا جہاں لوگوں نے خصوصی طور پر پہلی سحری کا اہتمام کیا، شہریوں کی بڑی تعداد چنے، بونگ پائے، پراٹھے، انڈہ، لسی سمیت متعدد کھانوں سے لطف اندوز ہوئی۔دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں سحری کے اوقات میں گیس غائب رہی جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بھی سحری میں گیس بندش کی شکایات موصول ہوئیں۔ سوئی ناردرن نے دعویٰ کیا تھا کہ گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر لیے ہیں، سحر و افطار اور دوپہر کے وقت گیس بلاتعطل فراہم کی جائے گی۔ سوئی سدرن نے بھی اعلان کیا تھا کہ رمضان المبارک میں سحری میں رات سے صبح 9 بجے تک گیس دستیاب ہوگی، دوپہر ساڑھے 3 سے رات 10 بجے تک گیس دستیاب ہوگی تاہم پہلے روزے کی سحری میں ہی گیس کی بلا تعطل فراہمی کے سوئی گیس حکام کے دعوے غلط ثابت ہوئے۔علاوہ ازیں گذشتہ رات ماہ رمضان المبارک کا چاند نظر آنے پر نماز عشا کے بعد پہلی تراویح کا اہتمام کیا گیا، ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے جہاں اہل ایمان نے نماز تراویح ادا کی۔