جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملے تیز، امدادی کارکن سمیت 7 افراد شہید

جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملے تیز، امدادی کارکن سمیت 7 افراد شہید

جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی اور ڈرون حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس کے نتیجے میں ایک امدادی کارکن سمیت مجموعی طور پر 7 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

لبنانی سول ڈیفنس کے مطابق ضلع صور کے علاقے الحوش میں اسرائیلی ڈرون حملوں کے دو الگ واقعات پیش آئے، جن میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔دوسری جانب عرب سلیم کے علاقے العین محلے میں ایک اور حملے میں امدادی تنظیم “الرسالہ ایمبولینس ایسوسی ایشن” سے وابستہ پیرا میڈک علی سلمان نادر شہید ہو گئے۔ اس حملے کو امدادی عملے پر براہِ راست نشانہ قرار دیا جا رہا ہے، جس پر مقامی سطح پر شدید مذمت سامنے آئی ہے۔لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بنتِ جبیل کے علاقے میں ہونے والے حملوں میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 48 زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں تبنین اسپتال کے ایک ڈاکٹر سمیت متعدد طبی عملے کے ارکان بھی شامل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق صدیقین اور ارزون کے قصبے بھی اسرائیلی حملوں کی زد میں آئے، جبکہ رات گئے اسرائیلی جنگی طیاروں نے ضلع صور کے قصبے دیر قانون رأس العین پر بھی فضائی حملہ کیا۔مجموعی طور پر صورتحال انتہائی کشیدہ ہے اور امدادی ادارے و طبی عملہ مسلسل نشانے پر ہونے کے باعث انسانی بحران مزید سنگین ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔