پولیس اہلکاروں کیلئے ماہر ڈاکٹرز کی مفت طبی سہولیات

پولیس لائنز ہسپتال میں مختلف شعبوں کے ڈاکٹرز روزانہ خدمات انجام دیں گے 
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران کی ہدایت پر پولیس افسران اور جوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ہسپتالپولیس لائنز میں مئیو ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کے ماہر ڈاکٹرز روزانہ کی بنیاد پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ایس پی ہیڈ کوارٹرز منزہ کرامت کے مطابق جنرل سرجری اور جلدی امراض کے ماہر ڈاکٹرز پولیس لائنز ہسپتال میں مریضوں کا معائنہ کریں گے، جبکہ گائناکالوجسٹ، ڈینٹسٹ اور فزیوتھراپسٹ بھی چیک اپ کے لیے دستیاب ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس افسران، جوان اور ان کے اہل خانہ پولیس لائنز ہسپتال میں ماہر ڈاکٹرز سے مفت طبی معائنہ کروا سکتے ہیں۔ ہسپتال میں لیبارٹری ٹیسٹ اور ایکسرے کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ اہلکاروں اور ان کی فیملیز کو معیاری طبی خدمات ایک ہی جگہ میسر آ سکیں۔ایس پی منزہ کرامت نے کہا کہ پولیس افسران کی صحت اور فلاح ہمیشہ ترجیحات میں شامل رہی ہے کیونکہ جسمانی طور پر فٹ اور صحت مند افسران و جوان ہی عوام کی جان و مال کے تحفظ کے فرائض مئوثر انداز میں انجام دے سکتے ہیں۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ سے اپیل کی کہ وہ دستیاب طبی سہولیات سے بھرپور استفادہ کریں۔