فکسڈ چارجز میں اضافہ تسلیم، سبسڈی سے فی یونٹ 5 سے 6 روپے کمی کا دعویٰ
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں دوپہر کے اوقات میں سولر سے بھی کم نرخ پر بجلی فروخت ہوگی، جبکہ مجموعی طور پر بجلی کے بل کم ہوئے ہیں۔انہوں نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر سبسڈی ملتی رہی تو وہ 5 سے 6 روپے فی یونٹ بجلی کی قیمت کم کرتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ فکسڈ چارجز ضرور بڑھے ہیں، تاہم ویریبل فی یونٹ کاسٹ کو دیکھا جائے تو مجموعی بل میں کمی آئی ہے۔وفاقی وزیر کے مطابق پروٹیکٹڈ صارفین کی فی یونٹ فکسڈ کاسٹ میں 31 فیصد اضافہ ہوا ہے، انڈسٹری میں 33 فیصد، زراعت میں 14 فیصد جبکہ گھریلو صارفین کے لیے 16 فیصد تبدیلی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ فکسڈ کاسٹ پورے سال میں فی یونٹ ایک جیسی رہتی ہے، جو پہلے 3 سے 4 فیصد تھی لیکن اب اس میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کے مطابق سردیوں میں یہ زیادہ محسوس ہوتی ہے جبکہ گرمیوں میں اس کا اثر کم ہو جاتا ہے۔دوسری جانب نیوز ایجنسی کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ نیپرا میں اپریل کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر سماعت کے دوران بجلی ایک روپے 73 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔سی پی پی اے حکام کے مطابق اپریل کے دوران خطے میں جاری صورتحال کے باعث توانائی کے شعبے کو مختلف چیلنجز کا سامنا رہا، جس کے اثرات بھی سامنے آئے۔