ملزم تحویل میں ہونے کے باوجود مار دیئے جاتے ہیں ‘ ایک کیس میں ملزم کی ہتھکڑیوں کیساتھ تصویر تھی جس کو اگلے روز مار دیا گیا
جوانی ہمیشہ نہیں رہنی کچھ خیال کیا کریں،آپ نے کبھی چرس پی ہے:جسٹس ہاشم کاکڑ کا اہلکار سے استفسار‘نازیہ مختار کی ضمانت منظور
اسلام آباد (آن لائن) سپریم کورٹ نے لاہور کی رہائشی نازیہ مختار خواجہ کیخلاف منشیات برآمدگی کیس میں پانچ لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض نازیہ خواجہ کی ضمانت منظور کر لی۔عدالت نے گھر کی سی سی ٹی وی فوٹیج کافرانزک معائنہ کرانے کا بھی حکم دیاہے۔،جسٹس اشتیاق ابراہیم اے این ایف پر برہم ہوگئے اور کہاکہ اے این ایف کے بیانات پر لوگوں کو پھانسی پر لٹکاتے اور عمر قید سناتے ہیں، خدا کا خوف کریں کمرہ عدالت میں تو جھوٹ نہ بولیں۔جسٹس ہاشم کاکڑاے این ایف اہلکار پر برس پڑے۔جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔دوران سماعت ملزمہ کے،وکیل احسن بھون نے ایف این ایف ریڈ کی سی سی ٹی وی فوٹیج چلا دی اور کہاکہ واضح دیکھا جاسکتا ہے کہ اے این ایف کا اہلکار منشیات لیکر گھر آتا ہے۔خود منشیات گھر میں رکھ کر جھوٹا کیس بنایا گیا،سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آنے والا اہلکار کمرہ عدالت میں موجود ہے۔اس پر اے این ایف اہلکار نے فوٹیج میں موجودگی کی تردید کر دی۔جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہاکہ اے این ایف کے اسلحہ بردار اہلکار تشدد کرتے نظر آرہے ہیں۔وکیل اے این ایف نے کہاکہ یہ فوٹیج کسی اور گھر میں کیے گئے ریڈ کی ہے۔جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہاکہ اے این ایف کے دس اہلکار تھے مگر دو لڑکیاں پھر بھی بھاگ گئیں، اتنے ہٹے کٹے اہلکار لڑکیوں کو نہیں پکڑ سکے مگر گاڑی پکڑ لی،وکیل ملزمہ احسن بھون نے کہاکہ گاڑی کی ریکوری کا ریکارڈ بھی تبدیل کیا گیا ہے،جسٹس اشتیاق ابراہیم اے این ایف پر برہم ہوگئے اور کہاکہ اے این ایف کے بیانات پر لوگوں کو پھانسی پر لٹکاتے اور عمر قید سناتے ہیں، خدا کا خوف کریں کمرہ عدالت میں جھوٹ نہ بولیں،جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہاکہ اے این ایف کیا کر رہا ہے ملزمان تحویل میں ہوتے ہوئے مار دیئے جاتے ہیں ایک کیس میں ملزم کی ہتھکڑیوں کیساتھ تصویر تھی جو اگلے روز مار دیا گیا،جوانی ہمیشہ نہیں رہنی کچھ خیال کیا کریں،آپ نے کبھی چرس پی ہے،جسٹس ہاشم کاکڑ کا اے این ایف اہلکار سے استفسار پراے این ایف اہلکار نے جواب دیاکہ نہیں سر میں نے کبھی چرس نہیں پی۔جسٹس ہاشم کاکڑنے کہاکہ چرس نہیں پی اس لیے آپ میں احساس بھی نہیں ہے،جسٹس ہاشم کاکڑ کے ریمارکس پر قہقہے لگ گئے۔بعدازاں عدالت نے ضمانت منظورکرلی