گلگت بلتستان : گاڑی کو حادثہ، سڑک کی بندش سے سیکڑوں سیاح محصور

نالے میں پانی کی آمد بہت زیادہ ، سڑک کا ایک حصہ پانی کے تیز بہائو میں بہہ گیا
سڑک کی تباہی ،  مواصلاتی رابطہ بھی منقطع ، لوگوں کا اپنے پیاروں سے رابطہ کرنا ناممکن
محصور افراد میں خواتین ، بچے بھی شامل ،فوری امداد اور محفوظ مقام پر منتقل کرنیکی ضرورت ہے
گلگت (آئی این پی) گلگت بلتستان میں دو مختلف مقامات پر انتہائی افسوسناک واقعات پیش آئے جہاں ایک طرف پٹن کوہستان کے مقام پر ایک مسافر گاڑی گہری کھائی میں جا گری   تو دوسری طرف دیوسائی روڈ پر پانی کا بہائو بڑھنے کی وجہ سے سیکڑوں سیاح محصور ہو کر رہ گئے۔ ا اسکردو میں ہی دیوسائی روڈ کی بندش کی وجہ سے سیکڑوں ملکی و غیر ملکی سیاح شدید مشکلات کا شکار ہیں۔دیوسائی روڈ پر واقع ایک نالے میں پانی کی آمد بہت زیادہ ہو جانے کی وجہ سے سڑک کا ایک حصہ پانی کے تیز بہائو میں بہہ گیا ہے جس کے بعد سے یہ اہم راستہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہو چکا ہے۔سڑک کی تباہی کے ساتھ ساتھ اس پورے علاقے میں مواصلاتی رابطہ بھی منقطع ہو چکا ہے جس کی وجہ سے پھنسے ہوئے لوگوں کا اپنے پیاروں سے رابطہ کرنا ناممکن ہو گیا ہے۔انتظامیہ کے مطابق سیاح گزشتہ رات سے اس مقام پر پھنسے ہوئے ہیں اور ان محصور ہونے والے افراد میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے جنہیں فوری امداد اور محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی ضرورت ہے۔