رواں مالی سال،ایل ڈی اے کے بیشتر ترقیاتی منصوبے نا مکمل

 فلیٹس کی 13 سکیموں میں صرف ایک پر کام ،ذاتی وسائل کے بیشتر منصوبے بند
لاہور (خصوصی رپورٹ) ایل ڈی اے کے بجٹ میں منظور ہونے والے ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے میں ایل ڈی اے کی غیر سنجیدگی جبکہ حکام سے آنے والی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے بجٹ کے متضاد بھی منصوبے شروع اور مکمل کئے گئے۔مالی سال میں بیشتر ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز مکمل خرچ نہ ہوئے، ایل ڈی اے حکام نے ذاتی وسائل کے بھی فنڈز مکمل خرچ نہ کئے۔ ایل ڈی اے رواں مالی سال بیشتر ترقیاتی منصوبے مکمل نہ کرسکا۔ ذاتی وسائل سے فلیٹس اور بلڈنگز کی 13سکیمیں منظور ہوئیں جن میں صرف ایک پر کام شروع کر سکا۔ ذاتی وسائل کے بیشتر منصوبے بند اور فنڈز ہی نہیں رکھے گئے۔ ایل ڈی اے کے ذاتی وسائل سے ایل ڈی اے آفس جوہر ٹا ئون کی توسیع کا کام کیا گیا،ایونیو ون کی نئی آفس بلڈنگ کے50ملین استعمال نہ کئے گئے۔فنانس اینڈ ٹریڈ سنٹر میں اپارٹمنٹس کی تعمیر کے 350 ملین روپے خرچ نہیں کئے گئے۔ایل ڈی اے ملازمین کی نئی رہائش گاہوں کی تعمیر کیلئے مختص 200 ملین خزانے میں بند رہے۔ ایل او ایس ملتان روڈ کی ری سٹرکچرنگ کے 85 ملین بھی استعمال نہ ہوئے۔ ایل ڈی اے بلڈنگ کی تزئین و آرائش، مرمت اور بحالی کی 3سکیموں کیلئے فنڈز ہی نہ رکھے گئے۔