تھائی لینڈ: انکلوژر سے تقریباً 100 بندر فرار، حکام کا سرچ آپریشن جاری

تھائی لینڈ: انکلوژر سے تقریباً 100 بندر فرار، حکام کا سرچ آپریشن جاری

تھائی لینڈ کے شہر لوپبوری میں قائم ایک انیمل انکلوژر سے تقریباً 100 بندر فرار ہو گئے، جس کے بعد مقامی حکام نے انہیں تلاش کرنے کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بندر منگل کی صبح لوپبوری میونسپلٹی انیمل انکلوژر سے فرار ہوئے، تاہم عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک ہزار سے زائد دیگر بندروں کو فرار ہونے سے روک لیا۔واقعے کے بعد لوپبوری کے میئر چمروئن سالچیپ نے مقامی پولیس اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ فرار ہونے والے بندروں کو جلد از جلد پکڑا جائے تاکہ وہ گھروں، کاروباری مراکز یا عوامی املاک کو نقصان نہ پہنچا سکیں۔واضح رہے کہ تھائی لینڈ کا شہر لوپبوری بین الاقوامی سطح پر اپنے سالانہ "منکی بفے فیسٹیول" کے لیے مشہور ہے۔ ماضی میں یہاں بڑی تعداد میں بندر آزادانہ گھومتے تھے، تاہم 2024 میں محکمہ نیشنل پارکس، وائلڈ لائف اینڈ پلانٹ کنزرویشن نے تقریباً 2,500 بندروں کو پکڑ کر بڑے انکلوژرز میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔یہ اقدام بندروں کے بڑھتے ہوئے جارحانہ رویے کے باعث کیا گیا، کیونکہ وہ خوراک کی تلاش میں شہریوں اور کاروباری مراکز کو نقصان پہنچانے لگے تھے۔