گوجرانوالہ کے تھانہ اروپ کے علاقے میں 4 سالہ بچی کو مبینہ طور پر زندہ جلانے کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔
پولیس کے مطابق سی پی او گوجرانوالہ کے فوری نوٹس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث تمام چار ملزمان کو صرف چار گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا گیا اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔گرفتار ملزمان میں بچی کی والدہ لبنیٰ بی بی، بھائی حسیب، منیب اور بہن مزمل بی بی شامل ہیں۔ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر کالا جادو اور جنات کے شبہے کی بنا پر اپنی ہی بچی کو آگ لگا دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے دوران ملزمان نے پولیس ٹیم کی مزاحمت کی، تاہم اہلکاروں نے چاروں ملزمان کو قابو کر لیا۔
پولیس نے بتایا کہ ایس پی سول لائنز کی نگرانی میں انکوائری ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، جو واقعے کے تمام پہلوؤں پر میرٹ کے مطابق تفتیش کر رہی ہے۔ حکام کے مطابق ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے مضبوط چالان تیار کیا جائے گا اور تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ واقعے کی وجوہات اور دیگر حقائق کا حتمی تعین تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی کیا جا سکے گا۔