شاہ رخ خان نے امریکہ میں کرکٹ سٹیڈیم قائم کرکے نئی تاریخ رقم کر دی

جو خواب برسوں پہلے دیکھا گیا تھا، وہ آج حقیقت بن چکا ہے، بالی ووڈ سپرسٹار
لاس اینجلس(سپورٹس ڈیسک )بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے نائٹ رائیڈرز گروپ نے امریکہ میں بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم قائم کر کے نئی تاریخ رقم کردی۔شاہ رخ خان کے شریک ملکیتی نائٹ رائیڈرز گروپ نے عالمی کرکٹ میں ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے اپنی ہوم مارکیٹ سے باہر پہلا بین الاقوامی معیار کا کرکٹ اسٹیڈیم قائم کردیا۔لاس اینجلس میں تعمیر کیے گئے اس نئے میدان میں پہلی بار میجر لیگ کرکٹ (ایم ایل سی) کا میچ کھیلا گیا جہاں لاس اینجلس نائٹ رائیڈرز کا مقابلہ واشنگٹن فریڈم سے ہوا۔نائٹ رائیڈرز کرکٹ گرائونڈ کو صرف ایک اسٹیڈیم نہیں بلکہ لاس اینجلس میں کرکٹ کے مستقل مرکز کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ جو خواب برسوں پہلے دیکھا گیا تھا، وہ آج حقیقت بن چکا ہے۔ان کے مطابق اس منصوبے کا مقصد صرف کرکٹ میچز کا انعقاد نہیں بلکہ ایسا مقام فراہم کرنا ہے جہاں کھیل، تفریح، خاندان اور کمیونٹی ایک ساتھ جڑ سکیں۔نائٹ رائیڈرز اسپورٹس کے سی ای او وینکی میسور نے اس منصوبے کو فرنچائز کی عالمی حکمت عملی کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے فروغ کے لیے جدید انفراسٹرکچر ناگزیر ہے۔