تین بنیادی اہداف پر مشتمل منصوبے پر قاہرہ، اسوان، سکندریہ سمیت پانچ شہروں میں عملدرآمد جاری
ریاض (یواین پی)سعودی عرب نے مصر میں گردوں کی خرابی میں مبتلا سوڈانی مریضوں کی مدد کے لیے ایک بڑے طبی منصوبے کا آغاز کیا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق یہ منصوبہ عالمی ادار صحت اور مصر کی وزارتِ صحت کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت ہر سال 90 ہزار سے زائد ڈائیلاسز سیشنز فراہم کیے جائیں گے، جب کہ مکمل طبی اور دوائیوں کی سہولیات بھی مصری ہسپتالوں میں دستیاب ہوں گی۔یہ منصوبہ شاہ سلمان ریلیف مرکز کے زیرانتظام قاہرہ، الجیزہ، سکندریہ، الاقصر اور اسوان جیسے بڑے شہروں میں نافذ کیا جائے گا۔اس موقع پر مصر کے وزیرِ صحت ڈاکٹر خالد عبدالغفار نے کہا کہ یہ منصوبہ شاہ سلمان ریلیف سینٹر، مصری وزارتِ صحت اور عالمی ادار صحت کے درمیان بہترین اشتراکِ عمل کی ایک مثال ہے، جس کا مقصد سوڈانی مریضوں کی تکلیف کم کرنا ہے۔ انہوں نے مرکز کی جانب سے بین الاقوامی طبی اقدامات کے لیے دی جانے والی مسلسل معاونت کو بھی سراہا۔