قیدیوں کو سہولتوں کے حوالے سے جامع رپورٹ پیش کی جائے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

 قیدیوں سے ملاقات کے نئے رولز، جیل سپریڈنٹ کے ملاقات سے انکار کے خلاف اپیل کے حق سمیت دیگر انتظامی امور پر بھی رپورٹ پیش کی  جائے
لاہور(آئی این پی )لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس عالیہ نیلم کی زیرِ صدارت جیل اصلاحات سے متعلق  اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کی جیلوں میں قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، انتظامی اصلاحات اور مالی بچت کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔چیف جسٹس ہائیکورٹ کے لاونج میں ہونے والے اجلاس کے دوران  چیف سیکرٹری ، ہوم سیکرٹری اور آئی جی جیل خانہ جات  نے چیف جسٹس ہائیکورٹ کو جیلوں میں قیدیوں کو فراہم  کی جانے والی سہولیات،  اور انتظامی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے افسران کو ہدایت کی کہ قیدیوں کو فراہم کی گئی سہولیات کے حوالے سے ایک جامع رپورٹ آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے۔ اسی طرح قیدیوں سے ملاقات کے نئے رولز، جیل سپریڈنٹ کے ملاقات سے انکار کے خلاف اپیل کے حق سمیت دیگر انتظامی امور پر بھی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی