خواتین، معذور افراد اور دیگر پس ماندہ طبقات کی درخواستوں کو ترجیح دی جائے گی
سکالرشپس ماسٹرز ڈگری کے لئے ہوں گی،منتخب طلبہ 2027 میں تعلیم کا آغاز کریں گے
طلبہ کو مکمل تعلیمی فیس، رہائش، آمد و رفت کے ہوائی ٹکٹ اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی
سڈنی(آئی این پی )آسٹریلیا نے ماسٹرز کی تعلیم کے خواہش مند پاکستانی طلبہ کے لئے مکمل مالی معاونت پر مبنی اسکالرشپس کا اعلان کر دیا۔پاکستانی طلبہ کو وظائف آسٹریلیا ایوارڈز پروگرام کے تحت فراہم کیے جا رہے ہیں، جن کے ذریعے طلبہ آسٹریلیا کی تسلیم شدہ جامعات میں تعلیم حاصل کر سکیں گے۔آسٹریلوی حکام کے مطابق ان اسکالرشپس کے لیے امیدواروں کا انتخاب تعلیمی کارکردگی، پیشہ ورانہ تجربے، قیادت کی صلاحیت اور پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کرنے کی اہلیت کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ خواتین، معذور افراد اور دیگر پس ماندہ طبقات کی درخواستوں کو ترجیح دی جائے گی۔ان اسکالرشپس میں ان طلبہ کو زیادہ ترجیح دی جائے گی جو ایسے مضامین پڑھنا چاہتے ہیں جن کا تعلق موسمیاتی تبدیلی کے مسائل، خواتین اور بچیوں کو مضبوط اور خودمختار بنانے، زراعت اور پانی کے بہتر استعمال، سڑکوں، عمارتوں اور دیگر بنیادی سہولیات، اور ملک کی مجموعی معاشی ترقی سے ہو۔یہ اسکالرشپس صرف ماسٹرز ڈگری کے لئے ہوں گی اور منتخب طلبہ 2027 میں آسٹریلیا میں اپنی تعلیم کا آغاز کریں گے۔ وہ امیدوار جو پہلے ہی اسی سطح کی ڈگری رکھتے ہیں، درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے۔ تمام ڈگریاں تسلیم شدہ آسٹریلوی اعلی تعلیمی اداروں سے مکمل کی جائیں گی۔اسکالرشپ کے تحت طلبہ کو مکمل تعلیمی فیس، رہائش کے اخراجات، آمد و رفت کے ہوائی ٹکٹ اور دیگر تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ صحت کی انشورنس اور تعلیمی معاونت بھی دی جائے گی۔وظیفہ حاصل کرنے والوں کو اوورسیز اسٹوڈنٹ ہیلتھ کوریج، تعارفی تعلیمی پروگرام، اضافی تعلیمی معاونت، اور ایسے تحقیقی یا کورس ورک پروگرامز کے لیے فیلڈ ورک الانس بھی فراہم کیا جاتا ہے جن میں فیلڈ ورک لازمی ہو۔درخواست دینے کیلئے امیدوار کا پاکستانی شہری ہونا، پاکستان میں مقیم ہونا، ملک کے اندر سے درخواست دینا، کم از کم 16 سالہ تعلیم اور 5 سال کا متعلقہ کام کا تجربہ ہونا ضروری ہے، جب کہ عمر کی حد 45 سال مقرر کی گئی ہے۔ درخواست دہندہ کے پاس آسٹریلوی شہریت، مستقل رہائش نہیں ہونی چاہیے، نہ ہی وہ مستقل ہجرت کیلئے درخواست دے رہا ہو۔معذور افراد 6.0 آئی ایلٹس اسکور کے ساتھ درخواست دے سکتے ہیں، بشرطیکہ کسی بھی بینڈ میں اسکور 5.0 سے کم نہ ہو۔ منتخب امیدواروں کو تعلیم کے آغاز سے قبل مطلوبہ انگریزی زبان کا اسکور مکمل کرنا ہوگا۔