تاریخی ورثے میں بسنت شو کے انعقاد پر سکیورٹی اور انتظامی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے نظر ثانی کی گئی
شاہی قلعہ کے تاریخی ورثے کی حفاظت کیلئے بسنت میگا ثقافتی شو کا انعقاد واپس لیا گیا: حکومتی ذرائع
لاہور (زیڈ این این ‘آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شاہی قلعہ لاہور میں 6 فروری کو ہونے والا بسنت سے متعلق میگا ثقافتی شو منسوخ کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کی ہدایات پر شاہی قلعہ میں شو کے انعقاد کا فیصلہ واپس لیا گیا، کیونکہ تاریخی ورثے میں بسنت شو کے انعقاد پر سکیورٹی اور انتظامی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے نظرِ ثانی کی گئی۔ نتیجتاً ایونٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور شو کے لیے ہونے والی تمام تیاریاں فوری طور پر روک دی گئی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بسنت سے متعلق یہ میگا ایونٹ 6 فروری کو شیڈول تھا، جس میں ملکی و غیر ملکی مہمانوں، سفارتی شخصیات اور اہم شخصیات کی شرکت متوقع تھی۔ منسوخی کے فیصلے کے بعد تمام متعلقہ سفارتی اور دیگر مہمانوں کو باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔