پنجاب بھر میں 747مقدمات کا اندراج لاہور میں 240گرفتار، 48 ہزار سے زائد پتنگیں، 1764 ڈور چرخیاں برآمد
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر،رواں سال ایک ماہ کے دوران770 ملزمان گرفتار، 747 مقدمات درج کئے گئے، ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پنجاب پولیس انسداد پتنگ بازی ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کروانے میں مصروف عمل ہے، رواں ماہ کے دوران 48 ہزار سے زائد پتنگیں، 1764 ڈور چرخیاں برآمد، 500 سے زائد کیسز کے چالان جمع کروائے گئے، صوبائی دارالحکومت میں 240 سے زائد ملزمان گرفتار، 246 مقدمات درج 3 ہزار سے زائد پتنگیں، 329 ڈور چرخیاں برآمد کی گئی۔گذشتہ سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں 12525 ملزمان گرفتار، 11866 مقدمات درج کیے گئے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پتنگ بازی ممانعت ترمیمی بل کے قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں،آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز پتنگ بازوں، پتنگ فروشوں اور مینوفیکچررز کے خلاف کریک ڈان میں تیزی لائیں، جان لیوا سرگرمی کی ہرگز اجازت نہیں، خونی دھندے میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس اپنائیں، دھاتی ڈور اور پتنگوں کے آن لائن کاروبار میں ملوث عناصر کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے، آئی جی پنجاب نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں، شہری کسی بھی مقام پر پتنگ بازی کی صورت میں 15 پر اطلاع دے کر ذمہ داری کا ثبوت دیں۔