ڈی آئی خان سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ٹل شہر سے کرم روانگی کے لیے 150 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ تیار ہے۔
یہ قافلہ ہنگو ٹل شہر تورپل سے روانہ ہو گا اور اس میں مختلف ضروری اشیاء جیسے آٹا، چینی، گھی، سبزی، مرغی، بھینس، ادویہ، پھل، چاول اور دیگر اشیا شامل ہیں۔مقامی انتظامیہ کے مطابق، یہ قافلہ ضلع کرم اور پارا چنار کے علاقے میں بھیجا جائے گا، جہاں ان اشیاء کی فراہمی کی جائے گی۔ اس قافلے کو سخت سکیورٹی میں روانہ کیا جائے گا تاکہ کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب، ضلع کرم میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے بنکرز کی مسماری کا عمل بھی جاری ہے تاکہ علاقے میں کوئی بھی غیر قانونی سرگرمی نہ ہو سکے۔ اس کے علاوہ، آج پشاور میں فریقین کا جرگہ بھی متوقع ہے، جس میں علاقے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی جائے گی اور قیام امن کے لیے مزید اقدامات اٹھانے پر غور کیا جائے گا۔